بالی وڈ اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان اور معروف فلم ساز، لکھاری، شاعر اور اداکارہ شبانہ عظمی کے شوہر جاوید اختر نے بابری مسجد کے بدلے کسی اور جگہ دوسری مسجد کی تعمیر کیلئے دی جانے والی 5 ایکڑ زمین پر مسجد بنانے کے بجائے اسکول یا خیراتی اسپتال بنانے کا مطالبہ کردیا۔
دبنگ خان کے والد سلیم خان کا کہنا ہے کہ 'بابری مسجد کے متبادل کے طور پر ملنے والی جگہ پر مسجد کے بجائے اسکول بنانا چاہیئے کیونکہ اس وقت ہمیں مسجد سے زیادہ اچھے اسکولوں کی ضرورت ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ہمیں دو اہم تعلیمات دی ہیں، "محبت سے پیش آنا" اور "درگزر کرنا"۔۔۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اب ایودھیا کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہوگیا تو مسلمان ان دو انمول موتیوں پرعمل کریں'۔
اس کے علاوہ فلم ساز جاوید اختر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'مسجد کیلئے دی جانے والی زمین پر اسپتال بنانا چاہیئے کیونکہ مساجد بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن اچھے اسپتالوں کی کمی ہے'۔
It would be really nice if those who get the 5 acres as compensation decide to make a big charitable hospital on that land sponsored and supported by the people all the communities .
— Javed Akhtar (@Javedakhtarjadu) November 10, 2019
جاوید اختر اور سلیم خان کی جانب سے کئے جانے والے اس مطالبے پر متعدد سوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ نظر آئے اور ان کی مخلافت میں اپنے ردعمل دیتے نظر آئے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز بھارتی سپریم کورٹ نے ایودھیا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بابری مسجد کی زمین کو ہندوؤں کے حوالے کردیا تھا اور مسلمانوں کو اس کے متبادل کے طور پر 5 ایکڑ زمین دینے کا حکم جاری کیا تھا۔