مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون کو ننانوے روز ہوگئے ہیں اور بھارتی فورسز نے دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا ہے جس کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد دو ہوگئی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بانڈی پورہ کے علاقے لاڈورا میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک نوجوان کو شہید کردیا ، گزشتہ رات بھی اسہی علاقے میں آپریشن کے دوران ایک شخص کو شہید کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق یہ آپریشن تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ وادی میں پانچ اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتم کے بعد بھارتی فوج کے لاک ڈاون کے باعث جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں روزمرہ زندگی تاحال مفلوج ہے ، وادی میں موبائل، انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس پر تاحال پابندی ہے۔ وادی کے عوام کی جانب سے خاموش احتجاج کے طور پر تاجروں نے بھی اپنی دکانیں تاحال بند رکھی ہوئی ہیں۔ جبکہ اسکولوں اور آفسز میں بھی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہے۔
لاک ڈاون کے باعث وادی میں زندگی بچانے والی ادویات کی شدید قلت ہے اور کینسر ، اور دل کے مریضوں کیلئے بھی ادویات مفقود ہوگئی ہیں ۔
ادھر تامل ناڈو کی اپوزیشن جماعت ڈی ایم کے نے جنرل کونسل اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی حمایت اور مودی سرکار کے پانچ اگست کے اقدام کیخلاف قرارداد منظور کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ نئی دہلی وادی کے عوام کی حساسیت کو محسوس کرے ۔