Aaj Logo

شائع 11 نومبر 2019 08:48am

بے بی ٹرمپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا گیا، ساری ہوا نکل گئی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز ریاست الاباما کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک شخص نے ٹرمپ مخالف مظاہروں کے دوران مشہور ہونے والے "بی بی ٹرمپ" نامی غبارے کی چھرا مار کر ہوا نکال دی۔

جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق یہ غبارہ احتجاج کے لیے الاباما کے شہر ٹسکیلوسا (Tuscaloosa) لایا گیا، جہاں یونیورسٹی آف الاباما اور لوئزیانا اسٹیٹ یورنیورسٹی کی ٹیموں کے مابین ایک فٹ بال میچ میں منعقد کیا گیا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے صدر ٹرمپ بھی آئے۔

ٹسکیلوسا میں یہ غبارہ رابرٹ کینیڈی لے کر آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ قریب سے گزرنے والے افراد غبارے کو دیکھ کر ملے جلے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔

کینیڈی کے بقول تاہم ایک شخص اس غبارے  کی وجہ سے کچھ بے چین دکھائی دیا۔ اس نے معاملات اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے چاقو کی مدد سے اس غبارے میں پیچھے کی جانب سے سوراخ کر دیا۔ اس کی وجہ سے اس سے آہستہ آہستہ ہوا نکل گئی۔

اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ حملہ کرنے والا شخص فوری طور پر وہاں سے بھاگ نکلا مگر کچھ ہی دیر بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

کینیڈی کا کہنا ہے کہ میں نے ایسا پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ کسی نے احتجاجی غبارے پر حملہ کیا ہو۔ یہ تو بہت ہی عجیب انداز کا غصہ ہے۔

یہ غبارہ تقریباً بیس فٹ اونچا ہے۔ اس پر نارنجی رنگ کا ایک غصیلا بچہ بنا ہوا ہے۔ اس غصیلے بچے کے بال ہو بہو صدر ٹرمپ کی طرح ہی ہیں۔ یہ بچہ ڈائپر پہنے ہوا ہے اور اس کے ہاتھ موبائل فون ہے، جو ایک طرح سے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹوئٹر کے بے جا استعمال کی طرف ایک اشارہ ہے۔

پولیس کے مطابق بتیس سالہ Hoyt Deau Hutchison  پر مجرمانہ ہنگامہ آرائی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جب پولیس اسے گرفتار کر کے لے جا رہی تو وہ وہاں پر موجود رضاکاروں پر چیخا چلایا بھی تھا۔

Read Comments