ایران نے نے اپنی فضائی حدود میں ڈرون گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ڈرون غیر ملکی تھا۔ ایرانی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی فضائیہ نے جمعے کے روز علی الصبح ایک نامعلوم ڈرون کو نشانہ بنایا ، یہ ڈرون ایرانی شہر مشاہر میں جنوب مغرب میں تھا۔
ایرانی خبررساں ادارے نے صوبے خوزستان کے گورنر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یقینی طور پر یہ ڈرون غیر ملکی ہے، اور اسکا ملبہ بھی تلاش کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں ۔
گورنر نے مزید کہا ہے کہ اس ڈرون نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی ۔
رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا یہ فوجی ڈرون تھا یا کمرشل ۔
پہلے ایک ایرانی ایجنسی نے دعوی کیا تھا کہ ایک خودکار طیارہ ایرانی فضائی حدود میں مار گرایا گیا ہے اور یہ طیارہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے لیس تھا۔
دوسری جانب امریکی سینٹ کام نے بیان جاری کیا ہے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے گرایا گیا ڈرون امریکی فوج کا نہیں ہے اور ایسی تمام رپورٹس جن میں امریکی ڈرونز گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے وہ سچائی پر مبنی نہیں ہیں۔
پہلے جون میں ایران نے امریکی ڈرون کو اپنی فضائی حدود میں مارگرایا تھا جس کے بعد خطے میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے تھے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے دوہزار پندرہ کے جوہری معاہدے کے خاتمے کے بعد واشنگٹن اور تہران میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔