Aaj Logo

شائع 07 نومبر 2019 06:23am

بھارت جمعے کو 3500 کلومیٹر تک مار کرنے والے نیوکلئیر میزائل کا تجربہ کرے گا

بھارت جمعے کو 3500 کلومیٹر دور تک مار کرنے والے جوہری میزائل کا تجربہ کرے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت اب آبدوز کے زریعے حملے کی صلاحیت بڑھانے پر تیزی سے کام کر رہا ہے اور اس حوالے سے پانی کے اندر آبدوز سے فائر کئے جانے والے دو میزائلوں میں سے ایک "کے فور جوہری میزائل" کا تجربہ کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق میزائل تجربہ آندھرا پردیش کے ساحل کے قریب پانی کے اندر موجود پلیٹ فارم کی مدد سے کیا جائے گا، اس حوالے سے انتباہی نوٹس یعنی نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) اور سمندری انتباہ جاری کیا جاچکا ہے۔

کے فور میزائل 3500 کلومیٹر دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے ساتھ ایٹمی وار ہیڈز بھی لے جا سکتا ہے۔ اس طرح اسے بین البراعظمی ایٹمی میزائل قرار دیا جاسکتا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا متوقع بھارتی میزائل تجربے کے بارے میں کہنا ہے کہ اب تک پاکستان بھارت کے ہر بڑے اقدام کا بھرپور جواب دیتا رہا ہے، بھارتی ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے بھی جواب میں ایٹمی دھماکے کئے۔ اسی طرح میزائل تجربوں اوردفاعی میدان میں دیگر اقدامات کے جواب میں بھی پاکستان بھرپور جواب دیتا رہا۔

غیر ملکی دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اس بار پاکستان مشکل میں نظر آرہا ہے، سب جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی صلاحیت موجود ہے تاہم پاکستان نے اب تک اپنی صلاحیت کو صرف بھارت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی ظاہر کیا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب دیکھنا یہ ہے پاکستان بھارتی میزائل تجربے کے جواب میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے یا نہیں؟ اگر پاکستان نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا جوابی تجربہ کیا تو امریکا، خاص طورپر اسرائیل کو پریشانی کا سامنا ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت  اس کے علاوہ 700 کلومیٹر سے زیادہ کی اسٹرائیک رینج کے ساتھ ایک اور میزائل بی او 5 پر بھی کام کررہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اگنی 3 اور براہموس میزائلوں کے تجربے کا بھی منصوبہ بنا رکھا ہے۔

Read Comments