اسلام آباد: پاک بحریہ نے زمین سے سمندر میں نشانہ بنانے والے اینٹی شپ میزائل "ضرب" کا کامیاب تجربہ کیا۔
پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائل تجربہ تربیتی مشق کا حصہ تھا۔ ساحلی علاقے سے داغے گئے میزائل نے طے شدہ مدار پر سفر کرتے ہوئے کامیابی سے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بطور مہمان خصوصی مشق کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں پر بھر پور اطمینان کا اظہار کیا۔
نیول چیف نے کہا کہ پاکستان کی خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کی کاوش کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاک بحریہ بطور پیشہ ور اور مضبوط فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضرب ہتھیاروں کے نظام کی فعالیت پاکستان نیوی کے مضبوط عزم اور تیاری کی اعلیٰ مثال ہے۔
نیول چیف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک بحریہ کے جوان اپنے وطن کی بحری سرحدوں اور مفادات کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے شمالی بحیرہ عرب میں خلیج عدن میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول، کثیر ملکی مشترکہ میری ٹائم فورس اور32 ممالک کی بحری افواج پر مشتمل بین العلاقائی میری ٹائم نیٹ ورک میں شمولیت جیسے اقدمات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے میری ٹائم سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا۔
بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے تمام شرکاء بالخصوص میزائل یونٹ کے عملے، سائنس دانوں اور انجینئرز کو ایونٹ کی کامیابی اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر مبارک باد دی۔