اکثر جب گھر بنانے یا دیگر تعمیرات کرنے کا وقت آتا ہے تو سریا خریدتے وقت بہت سے لوگوں کو چونا لگ جاتا ہے۔ چونے سے مراد فراڈ ہے، یعنی آپ کو گھٹیا کوالٹی بیچی جاسکتی ہے، قیمت مہنگی بتائی جاسکتی ہے یا وزن میں کمی بھی ہواسکتی ہے۔
ایسے میں ضروری ہے کہ آپ کو ان تمام چیزوں کے بارے میں معلومات ہو۔ اس لیے آپ کی مدد کے لیے آسان الفاظ میں آپ کو فراڈ سے بچنے کا طریقہ بتایا جارہا ہے، اسے ضرور یاد رکھیں۔
سب سے پہلے تو یاد رکھئے کہ جس سریے پر چھوٹی چھوٹی شاخیں سی نکلی ہوں، جان لیجیے کہ وہ سریا کچرے سے بنا ہوا ہے وہ ہرگز مت خریدیں، اس کے علاوہ سریے کی ہر لینتھ/بار کے اوپر ایک کونے پر اس کی تفصیل لکھی ہوتی ہے اسے غور سے پڑھیں، کیونکہ 60 گریڈ کا سریا 40 گریڈ کے سریے سے مہنگا ہوتا ہے تو کہیں ایسا تو نہیں کہ آپ کو 60 کا بتا کر 40 پکڑایا جارہا ہے۔
٭ وزن جاننے کے فارمولے
اب آتے ہیں سرہے کے وزن کو جاننے کے فارمولے کی طرف۔
پاکستان میں 3 سوتر سے 8 سوتر تک کا سریا استعمال ہوتا ہے، ان میں سے بھی عام گھروں میں 3 اور 4 ہی زیادہ استعمال ہوتا ہے، تین اور چار کا سریا چھت، سیرھی، چھوٹے کالمز، چھوٹے بیمز وغیرہ میں جبکہ بڑے بیم یا بڑے کالمز میں 6 سوتر کا سریا استعمال ہوتا ہے۔
تین سوتر کی ایک 40 فٹ بار کا کل وزن 6.8 کلو ہوتا ہے یعنی 6 کلو اور 800 گرام، جبکہ تین سوتر کے سریے کے ایک فٹ کے پیس کا وزن 170 گرام ہوتا ہے۔
چار سوتر کے 40 فٹ بار کا وزن 12.10 کلو یعنی 12 کلو اور 100 گرام جبکہ ایک فٹ کے پیس کا وزن 302 گرام ہوتا ہے۔
پانچ سوتر کی ایک 40 فٹ بار کا وزن 18.90 یعنی 18 کلو اور 900 گرام جبکہ ایک فٹ کے پیس کا وزن 476 گرام ہوتا ہے۔
چھے سوتر کی 40 فٹ لینتھ کا کل وزن 27.22 یعنی 27 کلو اور 220 گرام جبکہ ایک فٹ پیس کا وزن 680 گرام ہوتا ہے۔
سات سوتر کی 40 فٹ لینتھ کا کل وزن 37.05 یعنی 37 کلو اور 050 گرام جبکہ ایک فٹ کے پیس کا وزن 930 گرام ہوتا ہے۔
آٹھ سوتر کی 40 فٹ لینتھ کا کل وزن 48.39 یعنی 48 کلو 390 گرام اور ایک فٹ کے پیس کا وزن 1.21 یعنی ایک کلو 210 گرام ہوتا ہے۔
اب آپ جب بھی سریے خریدیں تو وزن کرا لینے کے بعد اس کی باریں گنیں مثال کے طور پر آپ 4 سوتر کی 10 باریں لیتے ہیں جن میں سے ہر ایک کی لمبائی 40 فٹ ہے، ان کے وزن کا فارمولا آپ کے پاس موجود ہے 12.10×10 = 121 کلو۔
اب اگر یہ 121 کلو ہے پھر تو ٹھیک یا اس میں زیادہ سے زیادہ چار سے پانچ کلو اوپر نیچے ہوجانے کی رعایت موجود ہے (وجہ سریے کی میکنگ اور پڑے پڑے تھوڑا زنگ لگ جانے کی صورت میں معمولی وزن کا کم ہونا) لیکن اگر 4 سوتر کی 40 فٹ کی 10 باروں کا وزن 100 کلو بن رہا ہے تو سمجھ جائیں آپ کو چونا لگایا جارہا ہے، اور یہ سریے کے ٹھیے یا فیکٹری والا رانگ نمبر ہے۔