Aaj Logo

شائع 30 اکتوبر 2019 06:15pm

سعودی عرب: پہلی مرتبہ خواتین کی ریسلنگ

سعودی عرب میں تاریخ میں پہلی مرتبہ  خواتین کی ریسلنگ کے میچ کا انعقاد اکتیس اکتوبر کو کیا جارہا ہے، ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے بھی اس حوالے سے تصدیق کی گئی ہے ۔  ریسلنگ میں ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار نٹالیہ کا مقابلہ لیسی ایوانز سے ہوگا ۔

منتظمین کے مطابق ان  دونوں خواتین ریسلرز نے حال میں کافی  سخت مقابلوں میں حصہ لیا تھا اور اس میں شائقین کی دلچسپی بھی دیدنی تھی۔

دونوں کے درمیان یہ مقابلہ کنگ فہد اسٹیڈیم میں شائقین کو دکھایا جائے گا، اس اسٹیڈیم میں خواتین کے بغیر ابائے کے داخلہ ممنوع ہے۔ڈبلیو ڈبلیو ای کو سعودی عرب سے معاہدے پر شدید تنقید کا بھی سامنا رہا ہے ، وژن دوہزار تیس کے تحت ڈبلیو ڈبلیو ای کا سعودی عرب سے سالانہ اسی ملین ڈالر کا معاہدہ طے پایا تھا۔

سعودی عرب میں ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار سیمی زین پر پابندی ہے ، سیمی زین شامی قومیت رکھتے ہیں اور اسہی وجہ سے بھی وہ سعودی عرب میں اپنے فن کا مظاہرہ بھی نہیں کرسکے تھے۔

حال میں سعودی عرب اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے درمیان صحافی جمال خاشقگجی کے قتل کے بعد تعلقات کشیدہ ہوگئے تھےاور اسہی وجہ سے ڈبلیو ڈبلیو ای کے تحت ہونے والے سعودی عرب میں حالیہ مقابلوں میں ریسلر جان سینا ،ڈینئل بریان، اور کیون اونز نے حصہ نہیں لیا تھا۔

سعودی عرب میں حال میں  تفریح ، معاشرتی اور معاشی شعبے میں کافی اصلاحات کی گئی ہیں ۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سےاصلاحات کے بعد ریاض میں نہ صرف کنسرٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے بلکہ اب یہاں پر سنیمابھی کھولے جارہے ہیں ۔

سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن دوہزار تیس کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔حال ہی میں سعودی عرب کی جانب سے سیاحوں کیلئے بھی ویزا پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے اور اس سے پہلے سعودی عرب کا ویزا زیادہ تر صرف مسلم عازمین اور تاجروں کو ہی ملا کرتا تھا۔

Read Comments