Aaj Logo

شائع 30 اکتوبر 2019 08:23am

دُبئی کی سڑکوں پر چپکی ان "پُراسرار ڈیوائسز" کی حقیقت کیا ہے؟

اکثر لوگوں نے دیکھا ہوگا کہ دبئی کی سڑکوں پر ایک نامعلوم فلیٹ ڈیوائس چپکی ہوئی ہے جو ایک روز نظر آتی ہے، مگر اگلے دِن یہ اُس جگہ پر موجود نہیں ہوتی۔

آخریہ ڈیوائس کیا ہے اور کیا کام کرتی ہے؟ یہ سوال یقیناً کئی لوگوں کو پریشان کرتا ہو گا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ایسا ہی ایک سوال احمد ظہیر نامی ایک شخص نے دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی RTA کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی پُوچھا۔

اس صارف نے ایک سڑک پر چپکی ڈیوائس کی ویڈیو بنا کر اتھارٹی کے ٹویٹراکاؤنٹ پر پوسٹ کر کے دریافت کیا کہ آخر یہ نامعلوم ڈیوائس ہے کیا؟

جس کے جواب میں روڈز اتھارٹی نے اس ڈیوائس کے فنکشن اور دیگر تفصیلات کے حوالے سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر آگاہ کیا۔

جواب میں لکھا گیا کہ اتھارٹی سے رابطہ کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ یہ دراصل ایک ٹریفک کاؤنٹنگ ڈیوائس ہے جو ٹریفک سے متعلق معلومات اکٹھی کرتی ہیں جن میں سڑک پر سے گزرنے والی گاڑیوں کی تعداد، اُن کی رفتار اور گاڑیوں کا درمیانی فاصلہ جیسی اہم معلومات شامل ہیں۔ اس سے اتھارٹی کو کسی خاص مقام پر ٹریفک کا تجزیہ کرنے میں مدد مِلتی ہے۔

اس ڈیوائس کے متعلق وضاحت پر صارفین نے اتھارٹی کا شُکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس انجانی ڈیوائس نے لوگوں کو چکرا کر رکھ دیا تھا، تاہم اس کے بارے میں علم ہونا بہت مفید ہے۔ یقیناً یہ دُبئی میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

Read Comments