Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2019 03:35pm

شرجیل خان کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

لاہور: پی سی بی نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ہونے والے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا شکار ہونے والے شرجیل خان پی سی بی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے تحریری امتحان میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

پی سی بی ری ہیب پروگرام کے تحت وہ اب بہاولپور، شیخوپورہ اور کراچی میں جونیئر کھلاڑیوں کے سامنے اپنے کئے پر ندامت کا اظہار کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شرجیل کی موجودہ ڈومیسٹک سیزن میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم انہیں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کیلئے کلیئر کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق شرجیل اگر پاکستان سپر لیگ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے تو انہیں دورہ نیدرلینڈر، آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے شرجیل خان کو اسپاٹ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر ڈھائی سالہ پابندی کی سزا سنائی گئی تھی جو 10 اگست کو ختم ہوچکی ہے۔

Read Comments