Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019 01:42pm

ڈرگ اسمگلر کا بیٹا پکڑنے پر شہر میدان جنگ بن گیا، مجبوراً چھوڑنا پڑا

میکسیکو کی ایک ریاست سینالوا میں اس وقت بڑے پیمانے پر مسلح افراد اور پولیس کے درمیان لڑائی چھڑ گئی، جب انہوں نے جیل میں قید منشیات کے ایک ڈان، ہوکین گزمن کے بیٹے کو پکڑا۔ لڑائی بند کرانے کے لیے پولیس کو ڈان کے بیٹے کو چھوڑنا پڑا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی امور کے وزیر الفانزو ڈرازو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کولیاکان میں جمعرات کی سہ پہر پولیس اہل کار اپنی معمول کی گشت پر تھے کہ ایک مکان کے اندر سے ان پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مکان کو گھیرے میں لے لیا اور اندر داخل ہو کر وہاں موجود چار افراد کو گرفتار کرلیا۔

پکڑے جانے والوں میں منشیات کے ایک بے تاج بادشاہ گوزمان کا بیٹا بھی شامل تھا، جس نے اپنے والد کی گرفتاری کے بعد 2017 میں جیل کاٹنے کے لیے امریکا منتقلی کے بعد جزوی طور پر اس کا کاروبار سنبھالا ہوا ہے۔

پولیس کی اس کارروائی کے بعد گینگ کے مسلح افراد نے گھر کو محاصرے میں لے کر پولیس اہل کاروں کو محبوس کر دیا اور پھر شہر کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مسلح افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور لوگوں کو اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر چھپنے پر مجبور کر دیا۔

اس دوران حکومت کی طرف سے شہریوں کو یہ ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور اگر وہ گھر سے باہر ہیں تو گولیوں کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے کسی محفوظ مقام پر پناہ لے لیں۔

سیکورٹی امور کے وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کولیاکان کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان قائم کرنے کے لیے حکومت نے منشیات گینگ کے خلاف کارروائی معطل کرکے ڈان کے بیٹے کو رہا کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے، اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے ساڑھے سات لاکھ آبادی کے شہر کولیاکان میں اس قدر دہشت پھیلی کہ لوگ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے، جس سے شاہراہوں پر آمد و رفت معطل ہو گئی۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے ان واقعات میں متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

منشیات کے ڈان گورزمان، جسے "ایل چاپو" کے نام سے جانا جاتا ہے، مختلف اوقات میں سینکڑوں ٹن کوکین، ہیروئن اور دوسری منشیات کی امریکا میں اسمگلنگ کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ لیکن، اس کا گروپ بدستور میکسیکو میں منشیات کے غیر قانونی کاروبار کا سب سے طاقتور گروپ ہے۔ اور اس کے بیٹے کاروبار کی نگرانی کر رہے ہیں۔

گورزمان کو جیل توڑ کر بھاگنے کے بعد 2016 میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں کولمبیا کے پابلو ایسکوبار کے بعد منشیات کا سب سے طاقت ور ڈان سمجھا جاتا ہے۔ پابلو 1993 میں ایک پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

میکسیکو کی مختلف ریاستوں میں منشیات کے گینگ مختلف وجوہات کی بنا پر آپس میں لڑتے رہتے ہیں۔ پچھلے ہفتے ان کے درمیان دو مسلح جھڑپوں میں 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

میکسیکو کی حکومت نے 2006 میں منشیات کے بڑے بڑے گروپس کے خاتمے کے لیے فوج تعینات کی تھی۔ ان لڑائیوں میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

Read Comments