بنگلادیش مینز، ویمنز اور جونئیر ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد کل (جمعرات کو) شہر قائد پہنچے گا۔ وفد کراچی، لاہور اور جڑواں شہروں میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا۔
سری لنکا کے بعد پاکستان بنگلادیش کی میزبانی کیلئے پرعزم ہے، بنگلادیش کی ویمنز اور انڈر 16 ٹیم نے آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ دونوں سیریز سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہیں۔
بنگلادیش کا سیکیورٹی وفد جمعرات کو کراچی پہنچے گا، جمعے کو کراچی اور ہفتے کو لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا۔
اس کے علاوہ وفد اسلام آباد اور راولپنڈی کا بھی دورہ کرے گا، جہاں انڈر 16 ٹیم کے میچز کرانے کا پلان ہے۔
بنگلادیش کی سینئر ٹیم کا دورہ پاکستان جنوری فروری میں شیڈول ہے، اس حوالے سے بھی وفد کو بریفنگ دی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق بنگلا دیش ویمنز ٹیم کو تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز کی سیریز کیلئے 23 اکتوبر کو لاہور پہنچنا ہے۔