کراچی: سابق ڈی جی ایف آئی اے شاہد حیات انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔
گزشتہ دنوں ان کے حوالے سے اطلاع آئی تھی کہ وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں اور اہل خانہ نے ان کے لئے دعاؤں کی اپیل کی تھی تاہم اب وہ انتقال کرگئے ہیں۔
شاہد حیات کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، وہ نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
شاہد حیات کون تھے؟
شاہد حیات کا شمار کراچی پولیس کے معروف افسران میں بھی ہوتا تھا اور وہ سندھ میں ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر بھی تعینات رہے ہیں، ان کی وجہ شہرت کراچی آپریشن میں ان کا کلیدی کردار تھا۔
کراچی میں امن قائم کرنے میں سندھ پولیس کی جانب سے شاہد حیات کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ کراچی آپریشن کے دوران انہیں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
متحدہ رابطہ کمیٹی نے اپنی پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ شاہد حیات کراچی میں سیاسی کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنارہےہیں اور انکی سرپرستی میں متحدہ کارکنان پر جھوٹے مقدمات بھی قائم کیے جارہے ہیں۔
شاہد حیات نے کئی اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیئے ہیں، وہ ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے پر بھی تعینات رہے جبکہ ان پر دو مرتبہ قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا تاہم وہ اس میں بال بال محفوظ رہے۔