لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا کے بیان پر مایوسی کا اظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ کے عہدیداران سے رابطہ کرکے مایوسی کا اظہار کیا، شامی سلوا نے کولمبو میں پاکستان میں سیکورٹی انتظامات پر غیر مناسب تبصرہ کیا تھا۔
شامی سلوا نے اپنے بیان میں کھلاڑیوں کے ہوٹل میں ہی قیام اور تین دنوں میں ہی بیزار ہونے کی بات کی تھی۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ کے کہنے پر ہی صدارتی لیول کی سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے، سری لنکن کھلاڑیوں کو لاہور اور کراچی میں گولف کھیلنے اور شاپنگ کے لئے لے جانے کی پیشکش کی گئی تھی۔
پی سی بی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو لاہور اور کراچی میں حکومت کی جانب سے عشائیوں کے لئے بھی مدعو کیا گیا تاہم سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کی ہر پیشکش اور دعوت کو ٹھکرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ کے مختلف عہدیداران کو تمام صورت حال سے آگاہ کیا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کولمبو پہنچتے ہی صدر سری لنکا کرکٹ کے تبصرے سے افسوس ہوا۔