پونے: بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز روہت شرما پاؤں چھونے والے شائق کے اوپر گر پڑے۔
رپورٹ کے مطابق روہت شرما سلپ میں فیلڈنگ کررہے تھے جب ایک شائق اچانک فیلڈ میں گھسا اور دوڑتا ہوا ان کے قریب آکر پاؤں چھونے کی کوشش کرنے لگا، اسی دوران روہت کا توازن بگڑا اور وہ اسی شائق کے اوپر جاگرے۔
دریں اثنا سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر شائقین کے گراؤنڈ میں گھسنے پر غصے سے بھڑک اٹھے۔
بھارت میں دورانِ میچ شائقین کا پچ تک پہنچ کر کھلاڑیوں کے قدم چھونا اور گلے لگانا معمول بن چکا ہے، گذشتہ روز بھی لنچ کے بعد ایک شائق سیکیورٹی کو چکمہ دیتے ہوئے روہت تک پہنچ گیا۔
کمنٹری باکس میں موجود گاوسکر نے کہا کہ ایسی چیزیں اس لیے ہورہی ہیں کہ سیکیورٹی اہلکار تماشائیوں پر نظر رکھنے کے بجائے میچ دیکھنے میں مگن ہوتے ہیں، انھیں یہاں پر مفت میں میچ دیکھنے کیلیے تعینات نہیں کیا جاتا، ان کواس طرح کے دخل اندازوں کو روکنا ہوگا۔