Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2019 02:20pm

شام: ترک فوج کا حملہ، امریکی فوج بھی زد میں آگئی

شام ميں علیحدگی پسند کردوں کے خلاف ترک افواج کی فوجی کارروائی کے دوران غلطی سے ایک امریکی فوج کی چوکی بھی زد میں آگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام ميں کردوں کے خلاف ترک فوجی کی کارروائی کے تیسرے روز بھی گھمسان کی جھڑپ جاری رہی، جس میں غلطی سے امریکی فوج کی ایک چوکی غلطی سے زد میں آگئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

شام میں تعینات امریکی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ گولہ باری کے نتیجے میں امریکی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پینٹاگون کے مطابق اس واقعے پر ترک فوج کو متنبہ بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترک افواج نے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شام میں کارروائی کے دوران امريکی چوکی ان کا ہدف نہيں تھی، بلکہ گولہ باری امریکی چوکی کے قریب کرد جنگجوؤں کے ايک عسکری ہدف پر کی گئی تھی جہاں سے گزشتہ روز کرد جنگجوؤں نے ترک پولیس اسٹیشن پر میزائل داغے تھے۔

ترکی کے وزیر خارجہ نے معاملے کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے پینٹاگون سے رابطہ کیا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم بنانے پر زورد دیا تھا تاکہ اس قسم کے واقعات مزید رونما نہ ہوسکیں اور اعتماد کی فضا قائم رہے۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے شام میں کردوں کے زیر تسلط علاقے میں فوجی آپریشن سے قبل امریکی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو میں شام اور ترک سرحد سے امریکی فوج کے انخلا کا مطالبہ کیا تھا، جس پر امریکا نے ترک فوج کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے سابق اتحادی کردوں کی ناراضگی کے باوجود اپنی فوجیں واپس بلالی تھیں۔

Read Comments