کسی سے گرم جوشی کے ساتھ گلے ملنا بنا کچھ کہے وہ سب کہہ جاتا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہو۔
ماہرین کے مطابق کسی کے ساتھ 20 سیکنڈ سے زائد گلے ملنے سے نہ صرف ہمارے جسم پر علاج جیسا اثر ہوتا ہے بلکہ ذہن پر بھی اس کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مختلف تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ گلے ملنے سے ہم صحت مند اور خوش و خرم رہتے ہیں۔ ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے دور میں لوگوں کا آپس میں میل جول بہت کم ہوگیا ہے، ایسے میں اگر کوئی عزیز آکر آپ سے گلے ملے تو قریبی تعلق کا احساس ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گلے ملتے وقت آکسی ٹوسین (oxytocin) ریلیز ہوتا ہے، جسے "Love" ہارمون یا کڈل "cuddle" ہارمون کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
اگر درد یا تکلیف کے وقت کوئی آپ سے گلے ملے تو آپ کو درد کے احساس میں واضح کمی محسوس ہوگی۔
ایک تحقیق کے مطابق گلے ملنا حیرت انگیز طور پر قدرتی درد کش اثرات رکھتا ہے۔ زندگی میں کبھی ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب فرط جذبات سے الفاظ آپ کا ساتھ نہیں دے پاتے، ایسے موقع پرگرم جوشی سے گلے لگانے سے آپ سب کچھ کہہ دیتے ہیں اور ایک بھی لفظ ادا کیے بغیر بتا دیتے ہیں کہ آپ اُس کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔
دل کو صحت مند رکھے تحقیق کے مطابق جب آپ گلے ملتے ہیں تو کورٹیسول (cortisol) نامی ہارمون میں کمی واقع ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ذہنی تناؤ بھی کم ہوجاتا ہے۔اس کے علاوہ یہ ہارمون بلڈ پریشر میں اضافے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے، جو دل کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گلے ملنے کے دوران کورٹیسول کی سطح نیچے آجاتی ہے جو دل کو بیماریوں سے بچاتی ہے۔