لاہور: ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے گورنر پنجاب کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔
گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف گزشتہ برس جنسی ہراسانی کی درخواست جمع کروائی تھی تاہم اسے پہلے تکنیکی بنیادوں پر صوبائی محتسب اور پھر گورنر پنجاب کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔
صوبائی محتسب اور گورنر پنجاب کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد میشا شفیع نے لاہور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔
گزشتہ برس میشا نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد علی نے میشا کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے انہیں 100 کروڑ کا لیگل نوٹس بھجوایا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے میشا شفیع کی درخواست مسترد ہونے پر علی ظفر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'لاہور ہائیکورٹ نے میشا کا کیس مسترد کردیا اور ایسا تیسری مرتبہ ہوا ہے، موقع پرست لوگوں کے جھوٹے الزامات زندگیاں تباہ کرسکتے ہیں اور اصل متاثرین بھی نظر انداز ہوجاتے ہیں'.
Ms Shafi’s case dismissed by the Lahore High Court. This is the 3rd dismissal. Fake allegations by opportunists can destroy lives & undermine genuine victims. We fought to set a precedent. All evidence submitted will be public soon. Thank you for your love and support. https://t.co/LlrMIZsaHN
— Ali Zafar (@AliZafarsays) October 11, 2019
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ 'ہم نے ایک مثال قائم کرنے کے لیے جدوجہد کی ہے، بہت جلد تمام ثبوت عوام کے سامنے لائے جائیں گے، آپ کی محبتوں اور تائید کا بہت بہت شکریہ'۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس میشا شفیع نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔