تہران: ایرانی حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ذریعے ایران سے بات چیت کے آغاز کے لیے خط بھیجا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، اسی سلسلے میں وزیراعظم کی اتوار کو ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات ہوگی، جس کے فوری بعد وہ سعودی عرب بھی روانہ ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سعودی قیادت سے ایرانی صدر سے ملاقات کی پیشرفت پر بات چیت ہوگی۔
پاکستان سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے ثالثی کے لیے کہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے ثالثی قبول کرتے ہوئے تناؤ کم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، ایران خطے میں امریکا کا کردار بتدریج کم کرکے ختم کرنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ماضی میں بھی سعودی عرب ایران تناؤ ختم کرنے کے لیے کئی بار کوششیں کرچکا ہے۔
وزیر اعظم کے حالیہ دورہ امریکا کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی عمران خان کو ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا کہا تھا۔