Aaj Logo

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2019 06:14pm

'اگر کیچز ڈراپ کریں گے تو دنیا کی کسی بھی ٹیم کو نہیں ہرا سکیں گے'

لاہور: سری لنکا کے ہاتھوں شرمناک کلین سوئپ شکست پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں تمام شعبوں میں سخت محنت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں فیلڈنگ کے شعبے میں خصوصی طور پر سخت محنت کی ضرورت ہے، اگر ہم درمیان کے اوورز میں اس طرح کیچز ڈراپ کریں گے تو دنیا کی کسی بھی ٹیم نہیں ہرا سکیں گے۔

میچ کے حوالے سے کپتان کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں ہم نے بولنگ کے شعبے میں اچھا کم بیک کیا لیکن ہمیں بیٹنگ میں ایک اور شراکت داری کی ضرورت تھی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم پوری سیریز میں دب کر کھیلی۔ ہمیں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں بہت محنت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل تجربات کرنا چاہتے تھے تاکہ درست کمبی نیشن بنا سکیں۔

کپتان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہماری ٹیم اس سیریز کے دوران کسی بھی شعبے میں اچھا پرفارم نہیں کرسکی۔

واضح رہے کہ عالمی نمبرون پاکستان کو اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 

عالمی نمبرون کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کرنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، سری لنکن کپتان

سری لنکن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان داسن شناکا کا کہنا ہے کہ عالمی نمبرون کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کرنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لئے بڑی فتح ہے، ہمیں پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیئے کیونکہ انہوں نے صرف پاکستان کو نہیں بلکہ ہمیں بھی بھرپور سپورٹ کیا۔

شناکا نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی متحد تھے اور یہ جیت اسی کا نتیجہ ہے۔

سری لنکن کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کوئی غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی موجود  نہیں تھے مگر سب نے اسمارٹ کرکٹ کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ اسمارٹ کرکٹ کھیلتے ہیں تو وہاں جیت کا امکان ہمیشہ موجود ہوتا ہے۔

Read Comments