ٹویٹر نے بھارتی اجارہ داری کے خلاف پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا۔ آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گی، ٹویٹر انتظامیہ شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔
ایک اور محاذ پر بھارت کو شکست ہوگئی، سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ ٹوئٹر انتظامیہ نے پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق حکومت پاکستان اور ٹوئٹر انتظامیہ میں معاملات طے پاگئے۔
چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ صباحت علی شاہ نے امریکا میں ٹویٹرحکام سے تفصیلی ملاقات کی۔ جس میں ٹوئٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔
پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے غاصبانہ قبضے کے بعد ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کئے گئے، اہلِ کشمیر کے حمایت اور حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کیے گئے۔
ملاقات میں ٹوئٹر انتظامیہ نے آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہ کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر انتظامیہ کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔