Aaj Logo

شائع 08 اکتوبر 2019 01:18pm

لاہور:تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن،386 گرفتار

شہر لاہور کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی اور انکا استعمال زور پکڑنے لگا، پولیس نے تعلیمی اداروں کے گرد و نواح سے 386 منشیات فروشوں کو گرفتارکرلیا، ملزمان سے بھاری مقدار میں چرس اور آئس بھی برآمد کرلی گئی۔

 پولیس نے تعلیمی اداروں کے گرد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیا ہے اور اس میں 386 منشیات فروش گرفتار کرلیے گئے ہیں ۔

 لاہور کی سٹی ڈویژن پولیس نے91، کینٹ ڈویژن 79، سول لائن ڈویژن نے29، صدر ڈویژن نے98، اقبال ٹاؤن ڈویژن نے 42 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے47 ملزمان گرفتار کئے۔

 پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے قبضہ سے 108کلو 542 گرام چرس، 62.5 گرام آئس، 520 گرام ہیروئن، 9 کلو 600 گرام بھنگ اور2577 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں  طلبا و طالبات کیلئے انسداد منشیات مہم بھی جارہی ہے۔

Read Comments