حب: سینٹرل جیل گڈانی میں لیڈی وارڈن 23 سالہ زویا کو پر اسرار طور پر قتل کردیا گیا۔ ابتدائی تفتییش کے مطابق رات کو ڈیوٹی پر جانے والی زویا کو 3 خواتین قیدیوں نے تشدد کرکے قتل کیا ہے۔
سینٹرل جیل گڈانی میں لیڈی وارڈن کے پر اسرار قتل پر صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی جیل خانہ نے نوٹس لے لیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق سینٹرل جیل گڈانی میں قید 3 روسی خواتین زینب، عائشہ اور خدیجہ نے کھڑکی سے رسی پھینک لیڈی وارڈن کا گلہ گھونٹا اور چاقو سے سر پر وار کرکے انہیں قتل کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او گڈانی رحمت اللہ چھٹہ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا دورہ کیا، لیڈی وارڈن کی نعش کو ضروی قانونی کاروائی کے لیے آر ایچ سی اسپتال شیخ آباد منتقل کردیا گیا۔
آئی جی جیل خانہ جات اور صوبائی وزیر داخلہ خالد لانگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
آئی جی جیل کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق 3 خواتین قیدیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ان تینوں خواتین قیدیوں کا تعلق روس سے ہے جو اپنی سزا پوری کرنے پر کوئٹہ سے گڈانی جیل منتقل کردیی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ان تینوں قیدیوں کا معمولی سی بات پر لیڈی وارڈن سے جھگڑا ہوا تھا جس پر ان تینوں نے انہیں قتل کردیا ہے، واقعے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔