آج کل موسم خنک ہے اور سردیوں کے آغاز کی اطلاع دے رہا ہے۔ ایسے موسم میں ہر دوسرا شخص نزلہ زکام کا شکار ہوتا ہے۔
یہ نزلہ اور زکام بڑھ کر خطرناک صورت اختیار کرلے تو آٓپ بخار یا سینے کے انفیکشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
آپ کو لگتا ہوگا کہ ایسی حالت میں آرام کرنا زیادہ مناسب ہے اور دفتر سے ایک دو دن کی چھٹی لے کر اسے بستر میں گزارنا چاہیئے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ایسا سوچتے ہیں تو آپ اپنی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔
برطانوی جریدے دی مرر کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگر آپ نزلہ زکام یا سردی کی صورت میں آرام کرنا پسند کرتے ہیں تو آپ اپنی بیماری کو شدید بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسی حالت میں آپ کو سارا دن بستر میں گزارنے کے بجائے ہلکی پھلکی ورزش یا چہل قدمی کرنی چاہیئے۔
اس بارے میں ڈاکٹر ایرک بتاتے ہیں کہ نزلے کی حالت میں آرام کرنا آپ کے گلے میں موجود بلغم کو سخت کردیتا ہے، جس کے بعد یہ سینے میں جم جاتا ہے۔ یہ چیسٹ انفیکشن اور نمونیا کا باعث بھی بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس اگر ہلکی پھلکی ورزش یا چہل قدمی کی جائے اور جسم کو متحرک حالت میں رکھا جائے تو بلغم جمتا نہیں اور یہ باآسانی جسم سے باہر نکل آتا ہے۔
ڈاکٹر ایرک کہتے ہیں کہ ضروری نہیں آپ جم جائیں اور بھاری بھرکم وزش کریں۔ اس کے لیے اپنے روزمرہ کے کام انجام دینا، جس میں آپ کا جسم حرکت میں آئے، یا صرف چہل قدمی کرنا بھی کافی ہوگا۔
اب اگر آپ بھی نزلے کا شکار ہیں تو آرام کرنے کا خیال دل سے نکال دیں اور اپنے روزمرہ کے معمولات جاری رکھیں۔