لاہور: ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ون پاکستان کو سری لنکا کی کمزور ٹیم کے ہاتھوں شکست ہوئی تو کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ سری لنکن ٹیم آج ہم سے بہتر کھیلی اسی لئے انہوں نے میچ جیتا۔
قومی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ جیسا میں پہلے کہہ چکا ہوں ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی اور آج بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کا آغاز بہت اچھا تھا لیکن ہمارے گیند بازوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انہیں 165 رنز تک محدود کیا۔
کپتان نے مزید کہا کہ سری لنکن گیند بازوں نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے ابتدائی 6 اوورز میں ہمارے 3 بلے بازوں کو پویلین لوٹا دیا اور پھر درمیان کے اوورز میں بھی زبردست بولنگ کی۔
سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمیں درمیان میں کوئی اچھی پارٹنرشپ مل جاتی تو شاید میچ کا نتیجہ بدل سکتا تھا مگر سری لنکن بولرز نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور ان کی فیلڈنگ بھی لاجواب رہی جس وجہ سے وہ میچ جیتے۔
عمر اکمل اور احمد شہزاد کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی جن لڑکوں کو منتخب کیا ہے انہیں پورا موقع فراہم کیا جائے۔
سرفراز نے مزید کہا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ہیں اور مجھے پوری امید ہے ہماری ٹیم کم بیک کرے گی۔
بولنگ سے متعلق سوال پر کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارا آغاز برا ضرور تھا مگر بولرز نے شاندار کم بیک کیا لیکن بہتری کی گنجائش ابھی موجود ہے۔
عالمی نمبر ون پاکستان کیخلاف بڑی فتح پر سری لنکن کپتان شناکا کا کہنا تھا کہ اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں یہ کارنامہ انجام دینا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے جیت کا کریڈٹ اوپنرز اور ڈیبیو میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بانوکا کو دیا اور کہا کہ ہم مزید میچز بھی جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔