لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا میدان کل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سجے گا، جس کیلئے جمعہ کے روز پاکستان اور سری لنکن کی ٹیموں نے جم کر پریکٹس بھی کی۔
لاہور کے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی، جہاں دونوں کپتان جیت کیلئے پرامید نظر آئے۔
پریس کانفرنس میں کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، جیت کے لیے میدان میں اتریں گے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کی واپسی خوش آئند ہے، دونوں کیلئے کارکردگی دکھانے کا بہترین موقع ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ شاداب خان اور عماد وسیم اہم بولرز ہیں، اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دی ہے اور اپنی پرفارمنس میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی، مہمان ٹیم میں اچھے کھلاڑی ہیں جو اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ون ڈے سیریز میں بھی سری لنکا نے ٹف ٹائم دیا تھا۔
کپتانی سے متعلق سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہیں بابر اعظم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دوسری جانب سری لنکن کپتان داسن شاناکا کہتے ہیں کہ پاکستان کی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہے، جیت کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں اہم کھلاڑی شامل نہیں لیکن نوجوان کھلاڑیوں پر پورا بھروسہ ہے، پاکستان ٹیم کا مقابلہ کریں گے۔
سری لنکن کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں یہاں بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی، لاہور میں پہلے بھی آچکا ہوں یہاں بہت پیار ملتا ہے واپس جاکر سینئر کھلاڑیوں کو یہاں آنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتے کی شام ہونے والا پہلا ٹی ٹوئنٹی شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے کراچی میں ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز دو صفر سے اپنے نام کی تھی، اس سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔