سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کرتارپوراہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ پاکستان کی جانب سے راہداری کھلنے کے بعد کرتارپور صاحب گردوارا زیارت کیلئے یاتریوں کے پہلے جتھے کے ساتھ جائیں گے، ان کو اس حوالے سے دعوت نامہ بھی بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کی جانب سے دیا گیا ہے۔
بھارت میں کرتارپور راہداری کھلنے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد پنجاب حکومت کی جانب سے کیاجارہا ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اور صدر رام ناتھ کووند نے بھی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
امریندر سنگھ نے نئی دہلی میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے من موہن کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ نو نومبر کو اس حوالے سے منعقدہ مارچ میں بھی شریک ہوں۔
Former PM Dr Manmohan Singh accepts @capt_amarinder’s invite to join 1st Jatha to Sri Kartarpur Gurdwara on Nov 9, will also attend Sultanpur Lodhi main event @550yrsGuruNanak pic.twitter.com/cD9rJoZUBT
— Raveen Thukral (@RT_MediaAdvPbCM) October 3, 2019
اس موقعے پر امریندرسنگھ نے من موہن سنگھ سے درخواست کی کہ کرتارپور راہداری کے افتتاح پر وہ یاتریوں کو ننکانہ صاحب کے دورے کی اجازت دلوانے کیلئے اپنے ذاتی تعلقات بھی استعمال کریں۔
پنجاب حکومت سے اس حوالے سے کلیئرنس حاصل کرنے کیلئے اجازت مانگ لی گئی ہے اور اس حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو کرتارپورراہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائیگی ، تاہم من موہن سنگھ کا کہنا ہے کہ ابھی تک ان کو پاکستان کی جانب سے کسی قسم کی دعوت موصول نہیں ہوئی ہے۔