Aaj Logo

شائع 03 اکتوبر 2019 06:45am

پاک، بھارت نیوکلئیر جنگ کے حوالے سے خوفناک رپورٹ منظرعام پر

مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ہے۔ یہاں تک کہ بھارت خان نے کئی مرتبہ نیوکلیائی حملے میں پہل کی دھمکی تک دی ہے۔

بھارتی گیدڑ بھبھکیوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمرام خان نے بھی واضح کردیا ہے کہ اگر بھارت کسی بھی طرح کی غلط حرکت کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کو بخشا نہیں جائے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کچھ وقت سے جاری کشیدگی کے درمیان امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ نے خوفناک اعداد و شمار پیش کئے ہیں۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان نیوکلئیر جنگ ہوئی تو 10 کروڑ سے زیادہ لوگ مارے جائیں گے۔

سائنس ایڈوانس میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان اگر نیوکلئیر جنگ کی نوبت آتی ہے تو دونوں ہی ممالک کو کافی نقصان ہوگا۔ رٹگرس یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن روباک اور دیگر سائنس دانوں کے مطابق جنگ کے دوران جو نقصان ہوگا اس کے بارے میں سبھی جانتے ہیں، لیکن جنگ کے بعد بھی لاکھوں لوگ مارے جاتے رہیں گے۔

سائنس دانوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان نیوکلئیر جنگ کی صورت میں زمین پر پہنچنے والی سورج کی روشنی کافی کم ہوجائے گی، جس کی وجہ سے بارش میں بھی کمی ہوگی۔ ان سب کا اثر براہ راست زمین پر پڑے گا، فصلیں تباہ ہوجائیں گی اور پیداوار میں بھیانک گراوٹ آئے گی۔

ریسرچرز کے مطابق بھارت اور پاکستان کے پاس 400-500 نیوکلیائی ہتھیار موجود ہیں۔ جنگ کی صورت میں اگر ان ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تو اس کا اثر عالمی ماحولیات کیلئے بھی تباہ کن ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا پر نیوکلئیر جنگ کا اثر تین طریقہ سے پڑے ہوگا۔

پہلا: نیوکلئیر جنگ کی صورت میں دھماکوں سے نکلنے والا دھواں 16 سے 36 ملین ٹن سیاہ کاربن چھوڑ سکتا ہے۔ اس کاربن کی شدت اتنی زیادہ ہوگی کہ کچھ ہی ہفتوں میں دنیا بھر میں اس کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ ایسی صورت میں جن ممالک کا اس جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، وہاں بھی لوگوں کو سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔

دوسرا : نیوکلئیر دھماکے کے بعد فضا میں کاربن بھاری مقدار میں سولر ریڈی ایشن کو اکٹھا کرلے گا، جس کی وجہ سے ہوا زیادہ گرم ہوجائے گی اور دھواں آگے نہیں نکل پائے گا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ زمین تک پہنچنے والی دھوپ میں 20 سے 35 فیصد کی کمی آئے گی اور اس کی وجہ سے بارش بھی کم ہوجائے گی۔

تیسرا: فضا میں کاربن کی مقدار بڑھ جانے کی وجہ سے سورج کی روشنی زمین تک نہیں پہنچے گی اور بارش بھی بہت کم ہوگی۔ ایسے میں گرمی کی تپش سے زمین سوکھ جائے گی اور کھیتی پوری طرح سے برباد ہوجائے گی۔

اس رپورٹ میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان نیوکلئیر جنگ ہوتی ہے، تو جس طرح کے نتائج ہوں گے، اس سے باہر نکلنے میں دنیا کو 10 سال سے بھی زیادہ کو عرصہ لگے گا۔

Read Comments