اکثر آپ کو انگڑائی آتی ہے یاآپ کی آنکھوں سے بے وجہ آنسو جاری ہوجاتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے جسم میں ہونے والا کوئی بھی عمل بے مقصد نہیں ہوتا۔
یہ افعال انسانی جسم کے پیچیدہ حفاظتی نظام کا حصہ ہیں جو جسم کو نقصان سے بچانے کیلئے ازخود رونما ہوتے ہیں۔ انسانی جسم کو اللہ سبحانہُ وتعالیٰ نے اس قدر پیچیدہ تخلیق کیا ہے کہ سائنس دان آج بھی اس کے بہت سے افعال سمجھنے سے قاصر ہیں، جیسے جیسے ریسرچ آگے بڑھ رہی ہے جسم کے ہر فعل کا ایک نیا مقصد سامنے آرہا ہے۔ میڈیکل سائنس جیسے جیسے ترقی کررہی ہے، انسانی جسم کی ایک ایک حرکت کی وضاحت کرتی جارہی ہے۔
ذیل میں ہم انسانی جسم کے 8 ایسے افعال اور ان کے پیچھے پوشیدہ مقاصد آپ کے سامنے بیان کررہے ہیں ، جنہیں جان کر بے اختیار آپ سبحان اللہ کہہ اٹھیں گے۔
٭ چھینک
آپ کو چھینک اس وقت آتی ہے جب ناک میں ہوا کی گزرگاہ کسی چیز سے الرجی کا شکار ہو یا اس میں کچرا بھر گیا ہو، درحقیقت یہ اس کچرے کو باہر نکالنے اور ہوا کی گزر گاہ کو صاف رکھنے کیلئے انسانی جسم کا خود کار ذریعہ ہے۔
٭ انگڑائی
عموماً انگڑائی لینے کے عمل کو برا سمجھا جاتا ہے، لیکن صبح اٹھتے ہی اکثرافراد انگڑائی لیتے ہیں، ایسا کرنے سے طویل وقت تک لیٹنے رہنے کے سبب سست پڑجانے والے نظامِ خون کو اٹھنے کے بعد بحال کرنا ہوتا ہے اوراس سے جسم کےمسلز کام کیلئے تیارہوجاتے ہیں۔
٭جمائی
جمائی کو عام طور پر سستی کی نشانی تصور کیا جاتا ہے اوراس کے بارے میں متعدد خیالات موجود ہیں، لیکن طبی طور پراس کا بنیادی مقصد دماغ کو بہت زیادہ گرم ہونے سے بچانا ہے۔
٭ رونگٹے کھڑے ہونا
ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے جسم کے رونگٹے خوف کی حالت میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ جب موسم ٹھنڈا ہوتا ہے تو جسم رونگٹے کھڑے کرکے جسم سے حرارت کے اخراج کی شرح کو کم کرتا ہے، اس طرح سرد موسم میں گرم رہنا آسان ہوجاتا ہے۔
٭ یادداشت کھونا
کئی باراس وقت لوگ یادداشت سے عارضی طور پر محروم ہوجاتے ہیں جب وہ کسی ناخوشگوار واقعے سے گزرتے ہیں، یہ دماغ کی جانب سے آپ کو ٹراما سے بچانے کیلئے ضروری ہے۔
٭ آنسو
آنسوؤں کے 2 مقاصد ہوتے ہیں، یہ آنکھوں کو بیرونی اشیاء سے تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ یہ جذباتی دفاعی ڈھال بھی ثابت ہوتے ہیں۔ سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ انسان اس وقت روتے ہیں جب وہ اپ سیٹ ہوتے ہیں تاکہ خود کو جذباتی تکلیف سے بچاسکیں۔
٭ ہاتھوں میں جھریاں
جب ہم کسی نم ماحول ہوتے ہیں تو ایسے وقت میں انسانی ہاتھوں پر جھریاں نمودار ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ جسم پھسلنے والے ماحول سے مطابقت پیدا کرسکے، یہ جھریاں ہاتھوں کی گرفت بہتر کرتی ہے اور گرنے یا چوٹ لگنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
٭ ہچکیاں
اگر آپ کو ہچکیاں آرہی ہیں تو ضروری نہیں کہ کوئی آپ کو یاد کررہا ہے ۔ہچکیاں اس وقت آتی ہیں جب لوگ بہت تیزی سے کچھ کھالیں، اس عمل سے جسم آپ کو تیزی سے کھانے سے روکتا ہے تاکہ غذا ہضم کرنا آسان ہوجائے۔