Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2019 04:00pm

ماہرہ خان کے بعد سینئر اداکار فردوس جمال کی عمران اشرف پر تنقید

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران اشرف کی اداکاری پر تنقید کی، اس سے قبل وہ اداکارہ ماہرہ خان پر بھی تنقید کرچکے ہیں جس پر کافی لے دے بھی ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں پروگرام کے دوران میزبان نے سینئر اداکار فردوس جمال سے سوال کیا کہ آج کل کے اداکاروں میں سے ایسا کون ہے جس کو دیکھ کر آپ کو لگے کہ یہ پاکستان کا چمکتا مستقبل ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ 'اداکار تو کوئی نہیں ہے یہ سب شو پیس اور ماڈل ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ اچھی اداکارہ نہیں ہیں اور ان کی عمر بھی زیادہ ہے، فردوس جمال

انہوں نے مزید کہا کہ 'اِن کو ابھی یہ شعور نہیں آیا کہ اداکاری کیا چیز ہوتی ہے، جیسے کسی ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں ایک ڈمی ہوتی ہے اور اسٹور والے اُس ڈمی کو نقلی بال لگا کر اور لباس پہنا کر کبھی لڑکا بنا دیتے ہیں اور کبھی لڑکی تو ہمارے اداکاروں کا حال بھی اُس ڈمی جیسا ہی ہے'۔

اُن کے جواب پر میزبان نے اداکار عمران اشرف کی تعریف کی اور اُن کی جانب سے نبھائے گئے 'بھولے' کے کردار کا ذکر کیا تو فردوس جمال نے کہا کہ 'عمران اشرف نے جو کردار ادا کیا تھا وہ دِکھاوا تھا، یہ کردار اِس سے پہلے بھی کئی اداکاروں نے کیا ہے اور اِس سے بھی اچھا کیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کا فردوس جمال کی تنقید پر جواب

عمران اشرف پر فردوس جمال کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر عمران کے مداح سوشل میڈیا پر اُن کے حق میں آواز بلند کرتے نظر آئے۔

دوسری جانب عمران اشرف نے خود بھی فردوس جمال کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'فردوس جمال قابلِ عزت اداکار ہیں اور اگر یہ 'بھولا' کا کردار کرتے تو یقیناً مجھ سے ہزار گُنا بہتر ادا کرتے، میں اُن کی عزت کرتا ہوں اور اُن کی رائے کا احترام کرتا ہوں، مجھے بالکل بُرا نہیں لگا میں کوشش کروں گا کہ اور سیکھوں'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'کوئی سخت کمنٹ نہ کریں، ہمارے بڑے گھر میں بھی اکثر ہمیں کچھ کہہ دیتے ہیں ضروری نہیں کہ بُرا منائیں'۔

اس سے قبل نجی ٹی وی کے ایک شو میں فردوس جمال نے ماہرہ خان کو ایک عام سی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی عمر ایسی نہیں کہ وہ ہیروئن کا کردار ادا کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ماہرہ اچھی اداکارہ نہیں ہیں اور ان کی عمر بھی زیادہ ہے، اس عمر میں ہیروئن کے بجائے ماں کا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

 

فردوس جمال کی اس تنقید پر کئی شوبز ستاروں سمیت ماہرہ کے مداحوں نے بھی ان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور ماہرہ نے خود بھی انہیں جواب دیا تھا۔

ماہرہ نے انسٹاگرام پر اپنے ہاتھ سے لکھی تحریر کے ذریعے سینئر اداکار کو جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ 'ہم حال ہیں، ہم جو کرتے ہیں اور جیسے کرتے ہیں، یہ ہمارا مستقبل ہے۔ ان تمام لوگوں کا شکریہ جو میری حمایت میں آگے آئے حالانکہ میں نے ایسا کرنے کو نہیں کہا تھا اور یہی بات اس چیز کو خاص بناتی ہے'۔

Read Comments