اسلام آباد: انتظامیہ نے اسلام آباد کے ہر گھر پر صفائی ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسیپل کارپوریشن نے گھروں پر صفائی ٹیکس لگانے کیلئے تجاویز مانگ لی ہیں۔ تجاویز سامنے آنے کے بعد ان پر غور کیا جائے گا جس کے بعد ٹیکس لگانے کا باقاعدہ فیصلہ کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں عوام کو ایک اور ٹیکس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی پر سالانہ 2 ارب اخراجات آتے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل بھی پی ٹی آئی حکومت میں کئی ٹیکس لگائے گئے۔ پنجاب میں پانی کو ضائع ہونے سے روکنے کی خاطر حکومت نے گھریلو صارفین اور کسانوں کو بھی پانی کے استعمال پر لائسنس دینے کا واٹر ایکٹ تیار کیا تھا۔
لاہور سمیت صوبہ بھر میں پانی کے زیر زمین ذخائر کو کم ہونے سے روکنے کی خاطر حکومت پنجاب نے نئی حکمت عملی تشکیل دی تھی، جس کیلئے ایک قانون وضع کیا جا رہا ہے جس کا اطلاق گھریلو صارفین پر بھی ہو گا۔
مجوزہ بل میں شہری اور کسان موٹر پمپ اور ٹیوب ویل کی تنصیب سے پہلے اتھارٹی لائسنس لیں گے۔ واٹر ایکٹ ڈرافٹ کے مطابق شہریوں کو پانی کے حصول کیلئے نئے پمپ کی تنصیب سے قبل لائسنس لینا پڑے گا، اگر کوئی شہری بغیر لائسنس حاصل کئے موٹر یا ٹیوب ویل لگوائے گا تو اس کا کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔
مجوزہ بل کے مطابق کوئی بھی شہری گھر میں موٹر لگانے کیلئے لائسنس حاصل کرنے کا پابند ہوگا۔ پنجاب بھر میں کسانوں کیلئے بھی لائسنس کے بغیر ٹیوب ویل لگانے پر پابندی کی تجویز ایکٹ میں شامل کی گئی تھی۔