Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2019 06:36pm

دوسرا ون ڈے: پاکستان کے ہاتھوں سری لنکا کو 67 رنز سے شکست

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں میزبان گرین شرٹس نے فاسٹ بولر عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ کے ذریعے 67 رنز سے فتح حاصل کرلی۔

سری لنکن ٹیم نے 306 رنز کے تعاقب میں 238 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، جیاسوریا نے 96 اور شناکا نے 68 رنز اسکور کئے۔

اس کے علاوہ ڈی سلوا 30، گُناتھیلاکا 14، سماراوِکرما 6، بی فرنینڈو، کمارا اور اُدانا نے ایک ایک جبکہ کپتان تھریمانے اور ڈبلیو فرنینڈو بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 10 اوورز کے اسپیل میں 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان نے 2 جبکہ محمد عامر، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بابر اعظم کو شاندار سینچری اسکور کرنے پر اسمارٹ پلیئر آف دی میچ جبکہ عثمان شنواری کو 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کیلئے 306 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کراچی میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز اسکور کئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے دونوں اوپنرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا، 15 ویں اوور میں امام الحق 73 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 31 رنز بنائے۔

امام کےبعد فخر زمان اور بابر اعظم کے درمیان 31 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پاکستان کو 104 کے مجموعے پر فخر زمان کی صورت میں دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، فخر 54 رنز بناسکے۔

اس کے بعد وکٹ پر بابر اعظم کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کے درمیان 111 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، حارث سہیل 40 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے بابر اعظم 115 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ افتخار احمد اختتامی اوورز میں برق رفتار 32 رنز اسکور کئے۔

سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 2 جبکہ کمارا اور اُدانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان کے 3 بلے بازوں نے اپنی وکٹیں رن آؤٹ کی صورت میں گنوائیں۔

واضح رہے سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا جبکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر اس میچ کو بھی ری شیڈول کرکے ایک دن آگے بڑھا دیا گیا تھا۔

Read Comments