Aaj Logo

شائع 26 ستمبر 2019 06:25pm

دنیائے کرکٹ پاکستان کے بغیر ادھوری ہے، قومی کپتان سرفراز احمد

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ دنیائے کرکٹ پاکستان کے بغیر ادھوری ہے، جس طرح سری لنکن ٹیم پاکستان آئی ہے اسی طرح دیگر ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیئے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپورٹ سے ہی پاکستان میں مکمل انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوسکے گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم ہلکی نہیں، آج کل کے دور میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ سری لنکن کے دس اہم کھلاڑی نہیں آئے جس کی وجہ سے ان کی ٹیم کمزور لگتی ہے لیکن سیریز کو بالکل آسان نہیں لے رہے، کوشش ہوگی بہتر کرکٹ کھیل کر سیریز جیتیں۔

کراچی میں ون ڈے کھیلنے پر سرفراز احمد نے کہا کہ بطور کپتان اپنے شہر اور ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کسی اعزاز سے کم نہیں، وہ اور پوری ٹیم سیریز کیلئے پرجوش ہیں اور اچھا پرفارم کرنا چاہتے ہیں۔

سرفراز احمد نے ٹیم اور کمبی نیشن پر تو کچھ نہ کہا لیکن اتنا ضرور کہا کہ بارش پر کسی کا زور نہیں، پچ نہیں دیکھی، آؤٹ فیلڈ گیلی ہوجاتی ہے کیونکہ جب بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے۔

سرفراز احمد نے سابق بھارتی بلے باز اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر کو بھی کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ہے، اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں، وہ پرفارمنس اور ٹریک ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان لاہیرو تھری مانے پاکستان میں سیکیورٹی سے مطمئن نظر آئے اور کہا کہ سیکیورٹی اے ون ہے، انتظامات بہت اچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے کیلئے یہاں آئیں گے اور انہیں کوئی پریشانی نہیں۔

تھری مانے کا یہ بھی کہنا تھا دس اہم کھلاڑی ذاتی وجوہات پر نہیں آئے، اس میں آئی پی ایل یا بھارتی بورڈ کا کوئی عمل دخل نہیں، فیلمی نے اجازت نہیں دی تو وہ نہیں آئے ہمیں ان کے فیصلے کا احترام ہے۔

تھری مانے نے کہا کہ ان کی ٹیم ینگ ہے لیکن کھلاڑی کو اپنے آپ کو منوانے کا اہم موقع ہے، سارا فوکس سیریز پر ہے اور لڑکے میچ کھیلنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

Read Comments