Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2019 04:46pm

میرپور آزاد کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں پھر زلزلہ،لوگوں میں خوف وہراس

میرپور آزاد کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ، شدت چارعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد 39 جبکہ زخمی افراد کی تعداد 723 ہےاور اس  سے 454  گھروں کو نقصان پہنچا۔ پاک فوج نے میرپور کا رابطہ عارضی طور پر بحال کردیا۔

محکمہ زلزلہ پیماء نے زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔میرپورآزاد کشمیر میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

 گزشتہ زلزلے سے خوفزدہ شہری دوبارہ جھٹکے محسوس کیے جانے پر کھلے مقامات میں جمع ہوگئے ، محکمہ زلزلہ پیماء کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی ، جس کا مرکز میرپورآزاد کشمیر ہی کے قریب تھا ، زلزلہ پیما مرکز نے بتایاکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی، آج آنے والے زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 65 ہوگئی ۔ زلزلے کے بعد آزاد کشمیر میں میر پور کی رابطہ سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو کے مطابق زلزلے کے جھٹکے جہلم ، میرپور اور آزاد کشمر کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے ، محکمہ زلزلہ پیماء نے آفٹرشاکس قراردیا ہے۔

این ڈی ایم اے: زلزلے میں نقصانات کے اعدادوشمار

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے زلزلے کے بعد ہونے والی اموات اور نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں، زلزلے کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد 39 جبکہ زخمی افراد کی تعداد 723 ہے، زلزلے سے 454  گھروں کو نقصان پہنچا۔

عالمی ادارہ صحت کی امداد

زلزلہ متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری  ہے، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ادویات، سرجیکل سامان سمیت 30لاکھ سے زائد مالیت کا سامان میر پورآزاد کشمیر بھیجا گیا ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت کہتے ہیں دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے میرپور زلزلہ متاثرین کیلے ادویات اور دیگرسامان حکومت کے حوالے کیا۔ ادویات اورسرجیکل الات کے ساتھ دیگر سامان بھی شامل ہے۔

معاون خصوصی ظفرمرزا نے ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزارت صحت اورعالمی ادارہ صحت کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کی ضروریات کا جائزہ لیا ، متاثرہ علاقے میں تیس لاکھ مالیت کا سامان رونہ کردیا گیا ہے۔

 ظفرمرزا نے بتایاکہ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ علاقوں کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زلزلہ متاثرین کے طبی معائنے کیلئے تین میڈیکل ٹیمیں پہلے ہی روانہ کی جا چکی ہے۔

پنجاب حکومت کی طرف سے زلزلے میں زخمی ہونے والوں میں امدادی چیک تقسیم کیے گئے ہیں۔ امدادی رقم کے چیک صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میاں خالد محمود نے تقسیم کیے ۔امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقد ہوئی۔

 جابحق ہونے والی نگہت یاسمین کے لواحقین کو 8لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

زلزلے کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا دورہ

زلزلے کے وقت وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر کا کانوائے بھی میرپور بازار سے گزررہا تھا جو روک لیا گیا ، وزیراعظم آزاد کشمیر اپنی گاڑی سے باہر آئے اور لوگوں کو حوصلہ دیا۔ وہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے تھے ۔ انہوں نے نیوسٹی میرپور و ملحقہ علاقوں میں زلزلہ سے نقصانات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ  انجنیئرز کی ٹیمیں جلد پورے میرپور میں متاثرہ مکانات کا جائزہ لیں گی، راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ  بیشتر مکانات میں بڑی بڑی دراڑیں پڑی ہوئی ہیں جو خطرناک ہیں، وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ  تعمیر نو کے عمل میں زلزلہ پروف عمارتوں کی تعمیر یقینی بنائی جائیگی،  آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک جنگی بنیادوں پر کام کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر خاندان کو آج ہر صورت ٹینٹ و دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے، انہوں نے زلزلے میں شہید ہونیوالے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت و فاتحہ خوانی بھی کی۔

Read Comments