Aaj Logo

شائع 25 ستمبر 2019 03:16pm

پشاور ہائیکورٹ: بےضابطگی پر صوبائی حکومت کو فنڈز کے اجراء سے روک دیا گیا

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا حکومت کا ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے طریقہ کار کو غیر قانونی قرار دیدیا، اور بے ضابطگی پر صوبائی حکومت کو فنڈز کے اجراء سے روک دیا گیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر رٹ پر جاری کیا ۔ تحریری فیصلے کی کاپی آج نیوز نے حاصل کرلی۔

پشاور ہائیکورٹ نے اپوزیشن ممبران کے فنڈ تقسیم کار کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔  اپنے فیصلے میں ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو سات دن کے اندر فنڈز کی تقسیم کار سے متعلق نئی پالیسی بنانے کا حکم دے دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی نے غیر قانونی طور پر فنڈز اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین میں تقسیم کیے، عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے وزیراعلی نے ایک دستخط پر دوسرے حلقے کے فنڈز سوات منتقل کیے جوکہ غیر قانونی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وزیراعلی نے کابینہ سے منظوری لیے بناء ایک دستخط پر ترقیاتی فنڈز ایک حلقے سے دوسرے حلقے منتقل کیے۔ عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق ترقیاتی فنڈز پر پہلا حق ترقی پذیر علاقوں کا ہوتا ہے جس کی صوبائی حکومت نے خلاف ورزی کی ہے۔

  عدالت نے نئی پالیسی بنانے تک صوبائی حکومت پر ترقیاتی فنڈز اور بیرونی ممالک کی امداد کے استعمال پر بھی پابندی لگادی۔  پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ خیبرپختونخوا اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر رٹ پر جاری کیا۔

Read Comments