Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2019 06:52pm

فردوس عاشق اعوان نے زلزلے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے زلزلے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی، کہتی ہیں کہ میری گفتگو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کرنا افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے معاشرے پر اثرات کے تناظر میں بات ہو رہی تھی، اچانک زلزلہ آیا، شرکائے محفل پریشان ہوگئے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حاضرین محفل کا حوصلہ بڑھانے کے لیے جملے کہے، غلط رنگ دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی افسوسناک کوشش کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے زلزلے کو تبدیلی کی لہر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تبدیلی آتی ہے تو زمین بھی لرز جاتی ہے۔

معاون خصوصی کے اس بیان پر تحریک انصاف کے رہنما شیریں مزاری اور عامر لیاقت حسین برہم ہوگئے۔

فردوس عاشق اعوان کے اس بیان پر شیریں مزاری نے نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ بے حسی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیئے۔ ایسے موقع پر یہ بے حسی کسی معافی کے لائق نہیں۔

تحریک انصاف کے ایک اور رہنما عامر لیاقت حسین نے بھی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ 'وزیراعظم صاحب ! انتہائی دست بستہ ادب کے ساتھ یعنی ہاتھ جوڑ کے ملتمس ہوں کہ "میں گھبراتا نہیں ہوں" مگر ایسی باتیں سن کر گھبرا جاتا ہوں ان کے لیے کچھ کیجیے بہت ہوگیا پلیز کچھ کیجیے @ImranKhanPT'۔

واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان نے زلزلے کو تبدیلی سے تشبیہہ دی تھی۔

Read Comments