اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مودی دیکھ لیں! پیسے سے سب کچھ نہیں خریدا جاسکتا، مودی کے جلسے میں خالی کرسیاں، اربوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی ناامیدی کا عالم ہے۔
ٹویٹر پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ہیوسٹن میں بھارتی وزیر اعظم کے این آر جی اسٹیڈیم میں جلسے میں خالی کرسیوں کی تصویر شیئر کردی۔
فواد چودھری نے کہا کہ یہ کیا ہے؟ اربوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی ناامیدی کا عالم ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیسے سے سب کچھ نہیں خریدا جاسکتا۔
Hopeless show by #ModiJanta after spending Billions of Rs this is what they could gather from all over USA Canada and beyond, shows money can’t buy everything #ModiInHouston https://t.co/3IshLXfXs3
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 22, 2019
دوسری جانب ہیوسٹن میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے کا اہتمام این آر جی اسٹیڈیم کے باہر کیا گیا جہاں مودی کو خطاب کرنا تھا۔
بھارتی وزیراعظم مودی کی انسان دشمن کارروائیوں کیخلاف احتجاج میں کشمیری، سکھ، بھارتی مسلمان اور خواتین بھی شامل رہیں۔
مظاہرین نے اپنی ٹی شرٹس اور کیپس پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج کر رکھے تھے۔ جبکہ احتجاجی بینرز پر بھی بھارتی دہشتگردی کا چہرہ اور مودی کے مظالم کیخلاف "مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرو، بھارتی قبضہ ختم کرو" کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے آزاد کشمیر کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ احتجاجی شرکاء نے بینرز پر "نازی مودی" کے بھی نعرے درج کررکھے تھے۔
دوسری جانب 26 ستمبر کو ولنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے چار بجے تک پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ جس میں نیوزی لینڈ میں رہنے والے پاکستانیوں کے علاوہ کشمیری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے شرکت کرینگے، جبکہ 27 ستمبر کو سہ پہر دو بجے سے چار بجے تک پاکستان ایسوسی ایشن آف کنٹر بری کے زیر اہتمام کرائسٹ چرچ میں کشمیرمیں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔
یہ احتجاجی مظاہرہ کولمبو اسٹریٹ سے شروع ہو کر بریج آف ریمبرنس پر اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف کنٹر بری کے صدر عمران چوہدری نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فورسز کی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔
انہوں نے بتایا کہ 27 ستمبر کو کرائسٹ چرچ میں ایک احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائیگا جس میں پاکستانیوں کے علاوہ کشمیریوں، اراکین پارلیمنٹ اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ 27ستمبر کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکریں۔