دبئی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے آفیشلز کا اعلان کردیا گیا، ڈیوڈ بون میچ ریفری ہونگے۔
اس کے علاوہ سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
ساتھ ہی پاکستان کے احسن رضا، شوزب رضا اور آصف یعقوب بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
آج پاکستان کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا تھا جس کی قیادت سرفراز احمد کریں گے اور بابر اعظم ان کے نائب ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کیا جس میں کپتان سرفراز احمد اور نائب کپتان بابر اعظم کے علاوہ عابد علی،آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عامر، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، عثمان خان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
حال ہی میں بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو کے ہمراہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے حسن علی کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے۔
مصباح الحق نے کہا شعیب ملک ون ڈے سے ریٹائر ہوچکے ہیں، ہم مستقبل کی تیاری بھی کررہے ہیں۔
واضح رہے سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی، 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ دورے میں سری لنکن ٹیم 3 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی کھیلے گی جس کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔