Aaj Logo

شائع 18 ستمبر 2019 12:36pm

طالبات کے عبایا کا معاملہ، مفتی تقی عثمانی کا وزیراعظم سے نوٹس کا مطالبہ

ملک کے معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے خیبر پختونخوا میں عبایا کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

مفتی تقی عثمانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہری پور اور پشاور میں طالبات کو عبایہ پہننے کی تاکید قرآن کریم کے عین مطابق تھی اور مبارکباد کی مستحق لیکن افسوس کہ KPK کی حکومت نے فوراً اس نوٹیفیکیشن کو منسوخ کردیا، حالانکہ اس وقت خاتون اوّل بھی پردہ نشین ہیں اور انکے شوہر ریاست مدینہ کے داعی کیا وہ اس حرکت کا نوٹس نہیں لینگے'۔

واضح رہے کہ پیر کو محکمہ تعلیم  ہری پور اور پشاور نے تمام سرکاری اسکولوں کی طالبات کیلئے عبایا اوڑھ کر آنے کو لازمی قرار دیا تھا اور اس پر عمل درآمد کیلئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔ تاہم اس نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا گیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پشاور اور ہری پور کے سرکاری اسکولوں میں عبایا لازمی قرار

اس حوالے سے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لئے عبایا لازمی قرار نہیں دیا گیا۔ صرف ایک ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں برقع لازمی قرار دینے کا نوٹیفیکیشن واپس

انہوں نے مزید کہا تھا کہ عبایا پہننا کوئی بری چیز نہیں، لیکن زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا، بچیوں کو عبایا پہننے یا نہ پہننے کا اختیار دیا گیا ہے۔

Read Comments