چونیاں واقعے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی بول پڑے، وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ چلانے کا وقت آپہنچا ہے، سندھ اور پنجاب میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر دل خون کےآنسو روتا ہے۔
شاہد آفریدی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ کیا پنجاب میں آپ کی ٹیم میں کوئی بہتر تجربہ کار بندہ نہیں ہے؟
بوم بوم نے وزیراعظم کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ریاست مدینہ میں زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دے دی جاتی اور اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا۔
اب @ImranKhanPTIمدینہ کی ریاست کو چلانے کا وقت آپہنچا ہے۔ جو سندھ اور پنجاب میں ہورہا ہے، اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ کیا پنجاب میں آپکی ٹیم میں بہتر، تجربہ کار بندہ نہیں؟مدینہ کی ریاست میں زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جاتی، وقت آگیا ہے کہ ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا#Kasur
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) September 18, 2019
اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ہر پاکستانی اپنی ذمہ داری محسوس اور ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو ذمہ داری مل جائے وہ کام نہ کرے توغلط ہے، اچھے کردار اور ٹیکنیکل لوگوں کو سامنے لانا ضروری ہے، جن بچیوں کو زیادہ تعلیم نہیں مل پا رہی انھیں اگے بڑھانا ہے۔
بوم بوم نے مزید کہا کہ کراچی کا بڑا کون ہے میئر وہ ہمیشہ روتا ہی رہتا ہے، اگر آپ کو اختیارات نہیں مل رہے تو کرسی چھوڑ دیں، ہم ایک نہیں بلکہ فٹبال بن کر رہ گئے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ جو قانون بناتا ہے وہی اسکو توڑنے میں پہل کرتا ہے، میئر کراچی نے میرے ساتھ بھی بڑی بڑی باتیں کیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو میرے ساتھ صرف تصاویر بنانے کا شوق ہے، اگر یہ لوگ کام کرنا شروع کردیں تو فرشتہ نہ بن جائیں۔