ماسکو: روس کے دلدلی علاقے کے وسط میں چوکور لوہے کے دروازوں کی بنی ایک عمارت ہے۔ دروازے کی زنگ آلود سلاخوں کے پیچھے کئی ریڈیو ٹاور ہیں۔ یہ عمارت جو سینٹ پیٹرزبرگ سے زیادہ دور نہیں، سرد جنگ کے زمانے سے ہی پراسراریت میں لپٹی ہوئی ہے۔
یہ عمارت MDZhB نامی ریڈیو اسٹیشن کا ہیڈکوارٹر ہے۔ اس ریڈیو کے متعلق آج تک کسی نے دعویٰ نہیں کیا کہ وہ اسے آپریٹ کرتا ہے۔ پچھلے 35 سالوں سے دن کے 24 گھنٹے اور ہفتے کے سات دن چلتا رہتا ہے۔ تاہم اس پر چلنے والی ٹیون کافی بھدی اور ایک سی ہے۔
ہر چند سیکنڈ بعد اس میں ایک دوسری آواز شامل ہوجاتی ہے۔ اس ریڈیو پر ہفتے میں ایک یا دو بار ایک مرد یا عورت کی آواز بھی آتی ہے جو روسی زبان میں ایک یا دو لفظ پڑھتے ہیں۔ پوری دنیا میں کوئی بھی شخص 4625 kHz فریکوئنسی سیٹ کرکے اس ریڈیو کو سن سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ریڈیو اسٹیشن کی آن لائن فین فالوونگ لاکھوں میں ہے۔ لوگ اسے The Buzzer کے نام سے جانتے ہیں۔ اسی طرح کے دو اور پر اسرار ریڈیو اسٹیشن The Pip اور Squeaky Wheel بھی ہیں۔حیرت انگیز طور پر ان ریڈیو اسٹیشن کے سننے والے بھی اعتراف کرتے ہیں کہ انہیں نہیں معلوم وہ کیا سنتے ہیں۔