اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ذرائع ابلاغ کے کردار کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئے خصوصی میڈیا ٹریبونلز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا ٹریبونلز ذرائع ابلاغ اور دیگر متعلقہ فریقوں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے پیمرا کی شکایت کونسل کی جگہ لیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ٹریبونلز 90دن میں ایک معاملے کا فیصلہ کریں گے اور اس سلسلے میں ایک بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ ان ٹریبونلز کی سرپرستی کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیمرا کے پاس زیرالتواء تمام مقدمات میڈیا ٹریبونلز کو بھیجے جائیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت ذرائع ابلاغ کو سہولت دینے اور انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔