آسٹریلیا کے سپر اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ نے پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز انضمام الحق کا کسی ایک مخالف کے خلاف سب سے زیادہ نصف سینچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔
جمعے کے روز دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بلے باز نے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کیخلاف دسویں نصف سینچری اسکور کرکے انضمام کا 9 نصف سینچریوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا، انضمام نے بھی انگلینڈ کیخلاف یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
اسمتھ رواں ایشز سیریز میں تاریخی فارم میں نظر آئے جو اب تک 9 اننگز میں میں 125 رنز فی اننگز کی اوسط سے 751 رنز اسکور کرچکے ہیں۔
حالیہ ایشز سیریز میں ان کی شاندار کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے سر ڈان بریڈمین ہیں، سر ڈان بریڈمین کا تعلق بھی آسٹریلیا سے تھا اور انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 99 اعشاریہ 94 کی اوسط سے رنز اسکور کئے جو آج بھی ایک ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ انضمام الحق کا شمار پاکستان کے عظیم بلے بازوں کی فہرست میں ہوتا ہے، انہوں نے 2007 میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہا تھا۔ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد وہ مختلف عہدوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی حصہ رہے جبکہ حالیہ ورلڈکپ کے بعد ہی انہوں نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔