آن لائن گیم پب جی ابتدا سے ہی متنازعہ رہا ہے تاہم گزشتہ دنوں بھارتی ریاست کرناٹک کے بیل گاوی ضلع میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جسے سن کر آپ کی روح کانپ جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک 21 سالہ لڑکے نے اس گیم کی خاطر اپنے باپ کی گردن کاٹ کر اسے قتل کردیا۔ لڑکے کے باپ نے اسے موبائل پر یہ گیم کھیلنے سے روکا تھا۔
افسوسناک واقعہ پیش آنے کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی نے علاقے کے پولیس کمشنر بی ایس لوکیشس سے گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ لڑکے کو گیم کی لت لگی ہوئی تھی اور وہ چاہتا تھا کہ اس کے والد موبائل کا ری چارج کروائیں تاکہ وہ گیم کھیل سکے۔
کمشنر نے مزید بتایا کہ اس بات پر باپ اور بیٹے میں جھگڑا ہوا جس پر لڑکے نے اپنی ماں کو کمرے سے باہر جانے کو کہا اور پھر پہلے اپنے باپ کا پیر کاٹا اور پھر سر دھڑ سے علحیدہ کردیا۔
واضح رہے کہ مختلف موبائل گیمز کی وجہ سے بچوں پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں جبکہ وہ جارح مزاج اور پر تشدد سرگرمیوں میں ملوث ہو رہے ہیں۔ چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں ایسی منفی سرگرمیوں والے موبائل گیمز پر پابندی عائد ہے۔