لاہور: مبینہ پولیس تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پولیس نے ذہنی معذور حمزہ نامی شہری کو چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
اہلخانہ کے مطابق پولیس نے ذہنی معذور حمزہ کو بدترین تشدد کا نشانا بنایا، لواحقین نے رات گئے تھانہ گڑھی شاہو کے باہر شدید احتجاج کیا، تھانے کا مرکزی دروازہ توڑ کر تھانے میں داخل ہوگئے۔
اہلخانہ کے مطابق حمزہ ذہنی معذور ہے جو بینک کےاے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے گیا تھا اور وہاں شہری کو پن کوڈ بتا کر پیسے نکلوائے۔
اسی دوران شہری کی موٹرسائیکل بینک کے باہر سے چوری ہوگئی جس کا الزام شہری نے حمزہ پر لگایا۔
پولیس کے مطابق مدعی نے ملزم کو خود نامزد کیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے حمزہ کو گرفتار کیا گیا۔
اہلخانہ نے الزام عائد کیا کہ حمزہ پر بدترین تشدد کیا گیا ہے، پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر کاٹ کر کیس پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔