سان فرانسسکو: ٹویٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا جس کے بعد اس سے نسل پرستی پر مبنی، قابل اعتراض اور ہٹلر کی تعریف والے لاکھوں پیغامات بھیج دیئے گئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کے فون نمبر پر بنا ہوا اکاؤنٹ ہیکرز کی جانب سے ہیک کیا گیا اور اس سے 40 لاکھ صارفین کو قابل اعتراض، نسل پرستی پر مبنی، یہودیوں اور سیاہ فام لوگوں کے خلاف ٹویٹس اور ری ٹویٹس کئے گئے۔
ہیک ہونے کے بعد اس اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک ٹویٹ میں نازی جرمنی کے بدنام رہنما ایڈولف ہٹلر کو معصوم کہا گیا اور اس کی جانب سے یہودیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی سراہا گیا۔
اس کے علاوہ ایک اور ٹویٹ میں سیاہ فام لوگوں کے خلاف قابل اعتراض پیغامات بھیجے گئے۔
ان کے ہیک کئے گئے اکاؤنٹ پر ہیکرز کی سرگرمی کئی گھنٹوں تک جاری رہی، بعد ازاں ٹویٹر انتظامیہ نے اس کا نوٹس لیا اور سی ای او کا اکاؤنٹ محفوظ بنا لیا۔
ٹویٹر کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی ای او کا اکاؤنٹ اپنے فون نمبر کے بارے میں غفلت برتنے سے ہیک ہوا۔
خیال رہے کہ ٹویٹر سی ای او جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ اس سے قبل 2016 میں بھی ہیک ہوچکا ہے۔