اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عوام دوست حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدام کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 4 روپے 59 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 113 روپے 24 پیسے ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 124 روپے 80 پیسے ہوگی۔
فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 99 روپے 57 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے کی کمی گئی جس کے بعد نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے ہوگی۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حکومت خود لینے کی بجائے براہ راست عوام کو منتقل کرے گی اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا دوسرا سال قومی ترقی عوامی فلاح وبہبود اور ملک کیلئے نئی خوشخبریاں لے کر آئے گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 31 اگست کی رات 12 بجے سے ہوگا۔
خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم ڈویژن کو سمری ارسال کی تھی جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 50 پیسے کمی کی سفارش کی تھی۔
اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔