پاکستان نے بھارت کی طرف سے ستائیس اگست کو نیکرن سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو بلاکر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا، پاکستان نے بھارت کوخبردارکیا ہے کہ بھارتی اقدام کسی تزویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتا ہے ۔
دفترخارجہ کے ڈائریکٹرجنرل جنوبی ایشیاء وسارک ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرگورو اہلووالیا کودفترخارجہ طلب کیا اوربھارتی افواج کی طرف سے ستائیس اگست کولائن آف کنٹرول کے نیکرن سیکٹرمیں بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں ایک تین سالہ بچی نوشین اور عبدالجلیل کی شہادت اورتین شہریوں کے زخمی ہونے پرسخت احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے چری کوٹ سیکٹرمیں بھی بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ پراحتجاج کیا جس میں ایک چارسالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا،
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کوبھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہے ہیں،بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، یہ کسی تزویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتا ہے ۔
پاکستان نے بھارت پرزوردیا ہے کہ 2003کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت اپنی افواج کوجنگ بندی پرمکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر بھارت امن برقراررکھے ۔ بھارت اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے ۔