لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے پارلیمنٹ معطل کرنے کی درخواست کردی۔
برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بریگزٹ پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، معطلی کے بعد برطانوی پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کرسکے گی، بریگزٹ روکنے کیلیے بھی بل پاس نہیں کیاجاسکے گا۔
بورس جانسن کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی معطلی کے بعد ملکہ قوم سے خطاب کریں گی۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے لیڈر جیریمی کوربن نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ بورس جانسن کی حکومت کو گرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اس سلسلے میں انہوں نے اپنے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں اور پارلیمان کے اراکین کو ایک خط تحریر کیا ہے۔ کوربن نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ موجودہ حکومت کے پاس بریگزیٹ کے حوالے سے کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، لہذا وہ ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں گے۔
جیریمی کوربن نے اس خط میں مزید لکھا کہ اگر یہ تحریک کامیاب ہو جاتی ہے تو اس صورت میں وہ عبوری حکومت کے سربراہ بن سکیں گے۔