قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بریفنگ دی ہے۔ وزیرخارجہ نو ستمبر کو جنیوا میں ہیومن رائٹس کمیشن کے اجلاس میں شریک ہوں گے، سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو جنیوا میں خصوصی مندوب مقرر کردیا گیا ہے ۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس احسان اللہ ٹوانہ کی صدارت میں وزارت خارجہ میں منعقد ہوا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کمیٹی کو موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، صدر سیکورٹی کونسل، سیکریٹری جنرل او آئی سی ،ہیومن رائٹس کمشنر کو بھارتی اقدامات بارے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابھی حقائق کو پوری طرح بے نقاب ہونا ہے لیکن جو اطلاعات اب تک مل رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مکینوں کو عید کی نماز اور قربانی تک نہیں کرنے دی گئی مساجد پر تالے لگا دئے گئے ہیں پوری وادی جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے،
وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لندن ، امریکہ ، پیرس ،برسلز ہر جگہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں، وزیر خارجہ نے قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو نیشنل کمیٹی برائے کشمیر کے اجلاس اور اس میں مختلف اراکین کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ وہ ان تمام تجاویز کو یکجا کر کے وزیر اعظم عمران خان کی خدمت میں پیش کریں گے اور پھر کابینہ کی منظوری کے بعد ہم اپنا اگلا لائحہ عمل ترتیب دیں گے، اجلاس میں اراکین قائمہ کمیٹی سمیت وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام بھی شریک ہوئے ۔